ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جےپی کومہاراشٹر میں ’’آپریشن لوٹس‘‘ کا چیلنج

بی جےپی کومہاراشٹر میں ’’آپریشن لوٹس‘‘ کا چیلنج

Thu, 13 Aug 2020 12:09:24    S.O. News Service

ممبئی،13؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان میں اقتدار پر قبضہ کرنے کی  بی جے پی کی کوشش ناکام ہونے  پر شیوسینا نے اس کا مذاق اڑاتے ہوئے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ زعفرانی پارٹی کا اگلا نشانہ مہاراشٹر ہوسکتاہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی کے ترجمان اخبار ’سامنا‘ نے اپنے اداریے میں بی جے پی کو کوشش کرکے دیکھ لینے کا چیلنج کیا ہے۔  اخبار نے  منتخب حکومتیں گراکر اقتدار پر قبضے کی ساست پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ  بی جےپی   اپوزیشن پارٹیوں کی حکومتیں گرانے کی پالیسی  پر عمل کررہی ہے۔ بہرحال راجستھان کا حوالہ دیتے ہوئے  سامنا کے ایڈیٹر سنجے راؤت نے لکھا ہے کہ پیسوں کی طاقت اور سینٹرل ایجنسیوں  کے استعمال سے ہر مرتبہ کامیابی نہیں مل جاتی۔ 

پارٹی نے ’’راجستھان میں آپریشن لوٹس کی ہار ‘‘ کو ’’سیاسی گھمنڈ‘‘ کی ہار  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جےپی اشوک گہلوت کے ’’چکر ویو‘‘ کو توڑنے میں  ناکام رہی۔  سامنا نے  کے مطابق بی جے پی نے وہی پرانے ہتھکنڈے اپنائے مگر  راجستھان کے وزیراعلیٰ  اشوک گہلوت نےآپریشن لوٹس کا ہی آپریشن کر کےبی جےپی کو سبق سکھادیا۔ شیوسینا کے اخبار نے الزام لگایا کہ بی جےپی  کے کچھ لیڈر مہاراشٹر میں بھی آپریشن لوٹس کی تیاری کررہے ہیں۔  بی جےپی طنز کرتے ہوئے اخبار لکھتا ہے کہ ’’آپریشن لوٹس بی جےپی کے ذریعہ  دوسری پارٹیوں میں مبینہ طور پر دل بدلی کرانے کی کوشش کا نام ہے۔مہاراشٹر میں بھی علی الصباح کیاگیا یہ آپریشن ناکام ہوچکاہے،ا ب تو بی جےپی کو اس سے سبق لے لینا  چاہئے۔‘‘ اخبار کے مطابق ’’ بی جے پی لیڈروں کا دعویٰ ہے کہ مہاراشٹر کی حکومت ستمبر تک گرا دی جائےگی۔ راجستھان کی  ناکامی کے بعد مہاراشٹر کیلئے کیا منصوبہ ہے؟‘‘ سنجے راؤت نے چیلنج کیا ہے کہ ’’انہیں خوشی خوشی یہ کوشش کرکے دیکھ لینا چاہئے۔‘‘

 


Share: